نئی دہلی15؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)حکومت نے آج کہا کہ فرانس اور روس جوہری سپلائر گروپ(این ایس جی)میں ہندوستان کی رکنیت کی حمایت کرتے ہیں اور برازیل نے رکنیت کی خاطر ہندوستانی خواہش کو قبول کرتے ہوئے اسے مناسب ٹھہرایا ہے۔وزیرمملکت برائے امورخارجہ وی کے سنگھ نے ششی کلا پشپا کے ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا کو یہ معلومات دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت این ایس جی کی رکنیت کے لئے گروپ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مناسب سطحوں پر بات چیت کر رہی ہے۔سنگھ نے کہا کہ فرانس اور روس، گروپ میں ہندوستان کی رکنیت کی حمایت کرتے ہیں۔برازیل نے گروپ کی رکنیت کی خاطر ہندوستانی خواہش کو قبول کرتے ہوئے اسے مناسب ٹھہرایا ہے۔سوال میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف متحدہ سربراہان کے ہندوستان سفر کی تفصیلات مانگی گئی تھی۔سنگھ نے بتایا کہ اس سال فرانس، مالدیپ، سری لنکا، میاما، مصر، افغانستان، روس، برازیل، اسرائیل اور انڈونیشیا کے صدر نے ہندوستان کا سفر کیا۔